برمنگھم (سی این آئی نیوز)-برطانیہ کی فلاحی تنظیم آغوش یوکے کی جانب سے غزہ کے مظلوم اور متاثرہ بچوں کے لیے برطانیہ بھر میں جاری فنڈ ریزنگ مہم کے سلسلے میں پاکستان کی معروف گلوکارہ اور سماجی کارکن حدیقہ کیانی ان دنوں دورۂ برطانیہ پر ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان پریس کلب یوکے مڈلینڈز کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اپنے دورے کا مقصد واضح کیا۔
حدیقہ کیانی نے کہا کہ ان کا برطانیہ آنا کسی میوزک ایونٹ یا تفریحی پروگرام کے لیے نہیں بلکہ صرف اور صرف غزہ کے بچوں کی امداد اور ان کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں بچوں پر جو قیامت گزر رہی ہے، وہ پوری انسانیت کے لیے لمحۂ فکریہ ہے اور ایسے حالات میں خاموش رہنا ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آغوش جیسے ادارے عملی طور پر متاثرین تک امداد پہنچا رہے ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ وہ آغوش یوکے کے ساتھ مل کر مختلف شہروں میں فنڈ ریزنگ ایونٹس میں شرکت کر رہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ وسائل اکٹھے کیے جا سکیں اور غزہ کے بچوں کی فوری ضروریات پوری کی جا سکیں۔
اس موقع پر آغوش یوکے کے سی ای او عابد خواجہ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی تنظیم غزہ میں متاثرہ خاندانوں اور بچوں کے ساتھ براہِ راست رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی ضروریات کے مطابق پے پال اور دیگر محفوظ ذرائع کے ذریعے امدادی رقوم فوری طور پر منتقل کی جاتی ہیں تاکہ خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
عابد خواجہ نے مزید بتایا کہ آغوش یوکے برطانیہ کے تمام بڑے شہروں میں فنڈ ریزنگ ایونٹس منعقد کر رہی ہے، جن کا مقصد غزہ کے متاثرہ بچوں کے لیے زیادہ سے زیادہ مدد اکٹھی کرنا ہے۔ انہوں نے برطانوی پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ اس انسانی خدمت کے مشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
گفتگو کے دوران حدیقہ کیانی اور عابد خواجہ نے مزید اہم نکات پر بھی روشنی ڈالی، جن کی تفصیل آپ ہماری اس خصوصی ویڈیو رپورٹ میں بھی سن سکتے ہیں۔
اس دوران لی گئیں تصاویر۔
